جمعہ 31 جولائی 2026 - 20:48
راہِ حق کے مجاہدین کی شہادت مقاومتی محاذ کی فتح اور دشمن کی ذلت و رسوائی کا باعث بنے گی

حوزہ / جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن نے عراقی حشد الشعبی کے متعدد مجاہدین کی دشمنوں کے ہاتھوں شہادت پر اپنے پیغام میں تعزیت و تبریک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہِ حق کے مجاہدین کی شہادت مقاومتی محاذ کی فتح میں تیزی اور خونخوار دشمنوں کی دائمی ذلت و رسوائی کا سبب بنے گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ محسن فقیہی نے عراقی حشد الشعبی کے متعدد مجاہدین کی مجرمانہ دشمنوں کے ہاتھوں شہادت پر اپنے پیغام میں تعزیت و تبریک پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ راہِ حق کے مجاہدین کی شہادت مقاومتی محاذ کی فتح میں تیزی اور خونخوار دشمنوں کی دائمی ذلت و رسوائی کا سبب بنے گی۔ ان کے پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

﴿مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَيْهِ فَمِنْهُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا﴾

عراق کے سربلند اور باوقار حشد الشعبی کے عزیز اور بہادر بھائیو!

مجھے انتہائی رنج و غم لیکن ساتھ ہی فخر کے احساس کے ساتھ آپ کے پاکیزہ مجاہدین کے ایک گروہ کی شہادت کی خبر موصول ہوئی۔ یہ وہ عظیم ہستیاں ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے شہداء کے ابدی قافلے میں شامل ہونے کے لیے منتخب فرمایا۔ یہ شہادت ان ظالم اور درندہ صفت دشمن کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں ہوئی جو کسی مؤمن کے حق میں نہ کسی حرمت کے قائل ہیں اور نہ کسی عہد و پیمان کے۔

میں اس عظیم سانحہ پر اپنی گہری تعزیت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان عظیم مجاہدین کو اللہ تعالیٰ کے بلند ترین انعام یعنی شہادت حاصل ہونے پر دلی مبارک باد بھی پیش کرتا ہوں کیونکہ شہادت ایک مجاہد کے کمال کی انتہا اور اہلِ معرفت کی آخری منزل ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان عزیز شہداء کی پاک ارواح کو اپنی وسیع رحمت کے سائے میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت کے اعلیٰ ترین درجات سے سرفراز کرے اور انہیں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب علیہم السلام کے ساتھ محشور فرمائے۔

میں بارگاہِ الٰہی میں یہ بھی دعا گو ہوں کہ زخمیوں اور متاثرین کو جلد از جلد کامل شفا عطا فرمائے، شہداء کے لواحقین کو صبر و سکون نصیب کرے اور آپ سب کو راہِ حق میں مزید استقامت، ثابت قدمی اور کامیابی عطا فرمائے۔

ان شاء اللہ، ان عظیم شہداء کا پاک خون یقینی فتح کا پیش خیمہ اور وہ روشن شعلہ ثابت ہوگا جو محاذِ مقاومت کی عزت، استقامت اور درخشانی کو پہلے سے زیادہ فروغ دے گا جبکہ انسانیت دشمن متکبروں کا مقدر ان کے جرائم کے بدلے رسوائی، ذلت اور قریب الوقوع شکست کے سوا کچھ نہیں۔

اللہ تعالیٰ آپ کو ثابت قدم رکھے، اپنی نصرت سے آپ کی مدد فرمائے اور آپ کو اسلام اور مسلمانوں کے لیے سرمایۂ افتخار قرار دے۔ إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ

محسن فقیہی

صفر المظفر 1448ھ۔ ق

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha